راولپنڈی (جسارت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدربریگیڈیئرریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھرکی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں صدر پی ایچ ایف خالد سجاد نے آرمی چیف کو ہاکی کی بحالی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آرمی نے ہمیشہ کھیلوں بالخصوص ہاکی کو سپورٹ کیا،حکومت ہاکی کی بحالی میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی کیلئے آرمی ویلفیئر فنڈ سے 5 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا اور ہاکی کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے پراتفاق ہوا جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔ اس موقع پر صدر ہاکی فیڈریشن نے آرمی چیف سے مالی تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ 2روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ہاکی کی بحالی کے لیے مستقبل میں اس شرط پر تعاون کرنے کا اعلان کیا تھا کہ فیڈریشن کا آئین تبدیل کیا جائے اور انتظامی ڈھانچے کو بدلا جائے جس کے بعد برگڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے آرمی چیف سے ملاقات کرکے فوری امداد کی درخواست کی جس پر فوری طور پر 5کروڑ روپے دینے کی حامی بھر لی گئی۔