حکمران ٹی وی چینلز پر لڑنے کے بجائے کراچی کے دکھوں کا مداوا کریں، سراج الحق

312
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ثمر باغ تحصیل منڈا کے ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی پانی میں ڈوب گیا ہے،یہ وقت سیاست کے بجائے خدمت کا ہے۔پیپلزپارٹی. پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے رہنما ٹی وی چینلز پر لڑنے کے بجائے کراچی کے دکھوں کا مداوا کریں وزیراعظم سارے کام چھوڑ کر کراچی کو بچانے، کراچی پہنچیں۔ جماعت کے کارکنان عوام کی پہلے سے زیادہ خدمت کریں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا وبا کے ابتدائی دنوں میں جماعت اسلامی کے تھنک ٹینک کی ایک میٹنگ میں آبی ماہر ین نے بتایاتھا کہ اس کے بعد دوسرے بحران کے لیے تیار رہیں، اس سال معمول سے زیادہ بارشوں وسیلاب سے تباہی کا خطرہ ہے۔ حکومتوں اوراداروں کے پاس بھی یہ معلومات ہوں گی، مگر تباہی سے اندازہ ہو رہا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی پیش بندی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ وفاق اور صوبے کی کشمکش اور پھر سندھ میں پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم کی نام نہاد محاذآرائی میں کراچی نظرانداز ہوتا رہا۔ گزشتہ 2 دہائیوں سے حکومت کرنے والے اس تباہی کے اصل ذمے دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل بااختیار شہری حکومت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہو جائیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں جماعت اسلامی کراچی کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جماعت کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار مسلسل سڑکوں پر ریسکیوکر رہے ہیں ، گلی محلوںمیںامدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ ہمیشہ کی طرح جماعت اسلامی کراچی کے ساتھ ہے اور ایک ایک گھر اور فرد کی بحالی تک ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ چترال میں بارش اور سیلابی پانی سے تباہی ہوئی ہے۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں سے بھی ایسی اطلاعات ہیں۔ کراچی و سندھ کی صورتحال سامنے ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار چترال سے کراچی تک میدان میں ہیں اور ان شاء اللہ اس پریشانی کے خاتمے تک موجود رہیں گے۔

دیر( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ مقابلہ جماعت اسلامی اور مافیاز کے درمیان ہوگا۔ 72 سال سے ملک پر مافیاز کا قبضہ ہے ۔حکومت کوئی بھی ہو اسے چلاتا مافیا ہے ،مافیاز ہر حکومت میں اپنے مفادات پورے کرتے ہیں ۔مخصوص ٹولے ے عوام کی رائے اور پولنگ اسٹیشنز کو یر غمال بنا رکھا ہے ۔ عوام بھوک ،افلاس ،مہنگائی اور بے روز گاری سے لڑتے ہیں اور حکمران اقتدار کے مزے اڑاتے ہیں۔ دنیا آگے کو جارہی ہے اور ہمارے ہاں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے ۔ظالم جاگیر داروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے مسلط کردہ اس نظام میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں ۔عوام کو ظلم و جبر کے اس استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا۔حضرت امام حسین ؓ نے جان قربان کرکے ظلم و جبر کے نظام کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ۔ آج طاغوتی قوتوں کے خلاف حسینی جذبے سے اٹھنے کی ضرورت ہے ۔جب تک ملک میں نظام مصطفی ؐ کا نفاذ نہیں ہوتا عوام کے مسائل ختم نہیں ہوںگے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمر باغ تحصیل منڈا کے ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں جماعت اسلامی مافیاز کا مقابلہ کرے گی اور انہیں الیکشن پر حاوی ہونے یا دولت کے بل بوتے پر الیکشن کو یرغمال بنانے کاموقع نہیں دے گی۔ عوام کو تعلیم ،صحت ،روز گار جیسے مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والا یہی مافیا ہے جس نے قومی وسائل کی لوٹ مار اور کرپشن سے اپنے لیے محلات بنائے اور بزنس ایمپائرز کھڑی کیں مگر یہ بے حس اور ظالم ٹولہ غریب کے منہ سے روٹی کاآخری نوالہ بھی چھین لینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مایوسی اور نا امیدی کے اندھیروں سے صرف جماعت اسلامی نکال سکتی ہے ۔ہم ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہے ہیں ۔ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور بالادستی قائم ہوجائے تو وسائل کی لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہر حکومت نے عوام کو دھوکا دیا ،سابق اور موجودہ حکمران پارٹیوں میں وہی لوگ اورخاندان بیٹھے ہیںجو ملک و قوم کو اس حالت تک پہنچانے کے ذمے دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے احتساب کے لیے بڑی جدوجہد کی ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے اور غربت اور مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دیا جائے ۔موجودہ حکومت نے احتساب کے بڑے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر2سال گزرنے کے باوجود کسی ایک مجرم کو سزا نہیں ہوئی اور جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا وہ خو دحکومت میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کے 436ملزموں کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ان ملزموں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو موجودہ حکومت میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب عوام حکومت اور نیب کے دعوئوں پرکان دھرنے کو تیار نہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے ،متاثرین کو سیلابی پانی سے محفوظ مقامات پر منتقل اورانہیں کھانا اور دیگر ضروری سامان مہیاکیا جائے اور بیماریوں سے بچائو کے لیے ضروری ادویات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کے رضا کاروں اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے مصیبت کی ہر گھڑی میں ہمیشہ قوم کا ساتھ دیا ہے ۔جماعت اسلامی اب بھی متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔