کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 3بجکر 50منٹ پر لیاری میں رہائش پذیراور وہیں سے منتخب جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے گھر پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، عینی شاہدین کی مطابق 2 نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے جو ایم پی اے کے گھر پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ رات گئے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ، شواہد اکٹھے کیے اور گولیوں کے خول قبضے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔ دریں اثناامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور ڈپٹی سیکرٹری کراچی راشد قریشی نے جماعت اسلامی کے ایم پی اے سید عبدالرشید پر قاتلانہ حملے کی اطلاع ملتے ہی ان کے گھر پہنچ گئے اور ان سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے سید عبد الرشید کے گھر پررات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایک منتخب رکن صوبائی اسمبلی و سیاسی رہنما پرقاتلانہ حملہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید عبدالرشید کے تحفظ کو یقینی بنائیںاور اس واقعے میں ملوث افراد کو فوراً گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے۔انہوں نے کہاکہ ایسی بزدلانہ کارروائی ہماری خدمت کی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتی، سید عبد الرشید لیاری میں کورونا وائرس کی وبا اور موجودہ طوفانی بارشوں کے دوران عوام کے درمیان موجود ہیں اوران کی خدمت کررہے ہیں ، رات کے اندھیرے میں ان کے گھر پر حملہ مخالفین کی بزدلانہ کارروائی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے کہ ایک منتخب رکن صوبائی اسمبلی کے گھر پرحملہ کیسے ممکن ہوا ؟جماعت اسلامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ سید عبد الرشید اور ان کے اہل خانہ کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اورسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے گھر پر حملے و فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سید عبد الرشید کے گھر پر حملہ حکومت ، انتظامیہ اور اداروں کی ناکامی ہے ۔سید عبد الرشید یاان کے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمے دار وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہوںگی ۔حکومت سید عبد الرشید اور ان کے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنائے اورملزمان کو فوری گرفتار کرے ۔ نائب امرا لیاقت بلوچ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو اور معراج الہدیٰ صدیقی نے بھی عبد الرشیدکے گھر پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔