اسلام آباد (این این آئی) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مریم نواز کو میں اپنی بیٹیوں کی طرح عزیز رکھتا ہوں۔ ایک صحافی کے ٹوئٹ پر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وہ بڑی ہمت اور بہادری کے ساتھ نہایت مشکل حالات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نیب میں پیشی کے وقت اس پر حملہ کی بزدلانہ کارروائی پر میں نے سب سے پہلے آواز اٹھائی ۔ انہوںنے کہاکہ مریم بیٹی سے بات بھی کی ۔ انہوںنے کہاکہ ایک صحافی کے ٹویٹ کی طرف سے دیے گئے اس تاثر میں کوئی صداقت نہیں کہ میں نے کسی خاص وجہ سے رائیونڈ جانے سے اجتناب کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سیاسی حوالے سے میری بات چیت پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف سے رہتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون کے وقت اس طرح کے رخنے پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مریم کی طرف سے نہ تو کوئی باضابطہ دعوت آئی نہ میں نے انکار کیا ،نہ ہی مذکورہ صحافی سے میری کوئی ملاقات یا گفتگو ہوئی۔