کراچی میں مون سون کی بارشوں نے جہاں انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی قلعی کھول دی وہیں تاجروں کو 2 دن کی بارش میں اربوں روپے کا نقصان ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر آل کراچی تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ تاجروں کو 10سے12ارب تک نقصان ہوچکا ہے، 2 روز سے مارکیٹوں میں کاروبار ہی نہیں ہوسکا، شہر کی موجودہ صورت حال کے باعث تاجروں کو کاروبار میں شدید نقصان پہنچا ہے۔
صدر آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا تھا کہ شہر میں سیوریج کا نظام نہ ہونے سے ہربار نقصان ہوتا ہے، بارش کے بعد پانی جمع ہونے سے کاروبار متاثر ہے، دو دن کے دوران اربوں کا نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں حالیہ بارشوں سے کراچی کے بیشتر رہائشی علاقوں سمیت کاروباری مراکزمیں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
شہر کے نشیبی علاقے گزشتہ 4 روز کی بارش کے باعث زیر آپ ہیں جبکہ فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔
یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں سے 36 سال پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ چکا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نےمزید بارشوں کی نوید سنائی ہے۔