سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان کے مختلف یوسیز کے دورے۔ میونسپل افسران، انجینئرز و متعلقہ عملے کے ہمراہ یوسی 11، 17 اور 20 کے تفصیلی دورے کرکے اپنے دور میں کرائے گئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور تمام وارڈز میں مکمل ہونے والے فراہمی آب کی نئی لائنوں، آر سی سی سیوریج لائن، سی سی ڈرین کی تعمیر و مرمت، گلیوں، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی بحالی، پیور کی تنصیب کے منصوبوں سمیت یوسی 11 کے دفتر اور یوسی 20 میں اسماءالحسنیٰ پر مبنی خوبصورت ٹاور کا افتتاح کیے۔ اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہریوں سے ملاقات کر کے مکمل ہونے والے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت بھی کی۔ ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پر مکینوں نے میئر، ڈپٹی میئر سمیت منتخب بلدیاتی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے ہمارے علاقے میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے کھنڈرات کا منظر پیش کررہے تھے۔ فراہمی آب کا مسئلہ بھی سنگین صورت اختیار کرچکا تھا مگر اب منصوبوں کی تکمیل سے ہمارے دیرینہ مسائل کافی حد تک حل ہوچکے ہیں۔ ہر گلی محلے میں پیور لگ چکا ہے، نالیوں کی تعمیر اور پانی کی لائن کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہے۔ ہم شکر گزار ہیں موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت کے جنہوں نے شہر میں نہ صرف ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا بلکہ ان کی تکمیل بھی کروائی۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب آپ لوگوں کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے، آپ لوگ نے مجھ پر اعتماد کیا اور میئر منتخب کروایا۔ دوبارہ موقع ملا تو ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔