نوابشاہ، حقانی ٹاﺅن میں بجلی کی تاریں گھروں پر گر گئیں

125

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) حقانی ٹاو¿ن نوابشاہ میں یونیورسٹی فیڈر 11 ہزار وولٹ بجلی کی تاریں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کے اوپر گر گئیں، علاقہ مکین پریشان، کوئی پرسان حال نہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس جانب واپڈا کی توجہ بار بار مبذول کروانے کے بعد بھی شنوائی نہیں ہوئی جبکہ نوابشاہ شہر اور گردونواح میں 12 سے 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حیسکو حکام کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے دن بھر بجلی نہ آنے کی وجہ سے ایک طرف شہری بارش کی وجہ سے گھروں میں بند ہو کر رہ گئے تو دوسری جانب بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی اگرچہ گزشتہ کئی روز سے مرمت کے نام پر بجلی کی بندش مستقل مسئلہ بن چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے زیر صدارت حیسکو افسران کے اجلاس بھی بے سود ہوچکے ہیں۔ ادھر اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بارش کی وجہ سے حیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈیڈکشن بل اور اوور بلنگ کی وجہ سے حیسکو نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ آے روز ان لوگوں کے بلوں میں من مانے اضافے کیے جارہے ہیں، جو اپنا بجلی کا بل متواتر ادا کرتے ہیں جبکہ بجلی چوری کرنے والے صارفین کو حیسکو کا عملہ مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ عوام نے کہا کہ سرکاری سرپرستی میں ہونے والی اس چوری، ڈیڈکشن بلنگ، اوور بلنگ کا چیف جسٹس پاکستان از خود نوٹس لے کر تحقیقات کروائیں اور ملوث اہلکاروں کو مجرمانہ غفلت برتنے پر برطرف کریں۔ دوسری جانب بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ رین ایمرجنسی نافذ ہونے کے باوجود خواب خرگوش میں ہے، اس وقت شہر مکمل طور پر ڈوب چکا ہے کوئی انتظامی عملہ نظر نہیں آیا جبکہ شہر کے تجارتی مراکز میں واقع دکانوں میں پانی داخل ہوچکا ہے۔