نفرت کی سیاست نے کراچی کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا، بلاول

183

کراچی( نامہ نگار خصوصی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کرنے والوں نے کراچی کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے.انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو بلاول ہاوس کراچی میں صوبائی وزیر ریونیومخدوم محبوب الزماں اور دیگر پارٹی رہنمائوں سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بلاول زرداری نے کراچی ضلع غربی میں پی پی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی لیاقت علی آسکانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اس قدرتی آفت کے موقع پر پی پی کے جیالے شہرقائد کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔شہر قائد کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون بحرانوں کے موقع پر ان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست نے کراچی کو مسائل کا گڑھ بنانے کی کوشش کی مگر ہم عوام کے ساتھ مل کر اس صورت حال کا مقابلہ کریں گے،  پاکستان پیپلزپارٹی کے عوامی نمائندے اس کڑے وقت میں عوام کے درمیان موجود رہے۔