پشاور (آن لائن) پشاور ہائی کورٹ نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر صوبائی وزیر خوراک، سیکرٹری فوڈ اور ڈی سی پشاور کو آج (بدھ کو) طلب کرلیا۔ جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دییکہ چینی بحران میں جو ملوث تھے ان کو حکومت نے کلین چٹ دے دی‘وہ بڑے مگرمچھ کہاں چلے گئے ؟۔ منگل کو پشاور ہائی کورٹ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ اے جی صاحب! حکومت کیا کر رہی ہے‘ عام آدمی کو 20 روپے کی روٹی مل رہی ہے‘ چینی بحران ہے یہ کیا ہو رہا ہے؟۔ جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دییکہ چینی بحران میں جو ملوث تھے‘ ان کو حکومت نے کلین چٹ دے دی‘ وہ بڑے مگرمچھ کہاں چلے گئے؟۔ جہاں ضرورت نہیں حکومت وہاں پر پیسے خرچ کر رہی ہے‘ آٹے، چینی کی قیمتوںمیں اضافہ ہو رہا ہے‘ کسی کو پروا نہیں‘ سرکاری ریٹ پر جو آٹا مل رہا ہے وہ چوکرہے‘ آٹا نہیں‘ میں نے خود مارکیٹ میں جاکر دیکھا۔ اے جی شمائل احمد بٹ نے کہا کہ صرف6 شوگر ملز ہماری ہیں‘ باقی نہیں۔ جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ صوبے اور وفاق دونوں میں آپ کی حکومت ہے‘ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔