راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا ہے کہ عمومی طور پر خطے میں امن واپس آگیا ہے،آپریشن ردالفساد کی کامیابیاں ناکام بنانے کے لئے ہمیں دشمن کی چالوں، حملوں سے ہمہ وقت چوکس اور تیار رہنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف نے پاک افغان سرحد کے داواتوئی سیکٹر کے دشوار گذارعلاقے میں استحکام لانے کے آپریشنز میں مصروف فوجیوں سے ملاقات کی ۔
ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف کو پورے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے سمیت سرحدی سیکیورٹی انتظامات پر بھی مکمل بریفنگ دی گئی،آرمی چیف کو بریفنگ دیتے ہوئےبتایا گیا کہ حالیہ استحکامی آپریشنز کے دوران دشوار گزار علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا،ان دشوار گزار علاقوں کی آڑ میں دہشت گردمقامی آبادی اور سیکورٹی فورسز پر اکادکا حملے کرتے تھے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ آپریشنز میں ان دشوار علاقوں میں 90 آئی ای ڈیز ناکارہ بنائی گئیں، دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے پاک افغان بارڈر پر فینسنگ کا کام جلد شروع کیا جائے گا، شمالی وزیرستان سے منسلک انٹرنیشنل بارڈر کے اس آخری مشکل حصہ پر بھی سیکیورٹی فورسز کا موثر کنٹرول ہو گیا ہے، آرمی چیف نے فوجی دستوں کی زبردست آپریشنل کارکردگی کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے نتیجے میں شمالی اور جنوبی وزیرستان کی عوام کی حفاظت میں مدد ملے گی،ان استحکامی آپریشن کے نتیجے میں بارڈر پر غیر قانونی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ہم امن و استحکام کے لیئے پرعزم ہیں،امن و استحکام کے لیئے پاکستان سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے اورایف سی کی استعداد میں اضافے کا اپنے حصے کا کام پورا کر رہا ہے۔
آرمی چیف نے کہاکہ عمومی طور پر خطے میں امن واپس آ گیا ہے،سخت محنت سے حاصل امن کے فوائد برقرار رکھنے کے لیئے مقامی آبادی، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کی کامیابیاں ناکام بنانے کے لیئے ہمیں دشمن کی چالوں، حملوں سے ہمہ وقت چوکس اور تیار رہنا ہے۔
اس دوران آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میران شاہ کا بھی دورہ کیا،شمالی وزیرستان آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔