گھوٹکی ضلع پیپلزپارٹی کا گڑہ بن چکا ہے،جام اکرام اللہ دھاریجو

232

سکھر( نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر برائے اینٹی کرپشن،صنعت، تجارت و کوآپریٹو سوسائٹیز سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ گھوٹکی ضلع پیپلزپارٹی کا گڑہ بن چکا ہے، اب عوام کو غلام بناکر زبردستی ووٹ چھیننے والا وقت گزر چکا ہے جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی سندھ میں نمایاں کامیابی سب کو نظر آئے گی۔ یہ بات انہوں نے آج اپنا حلقہ پنوعاقل کے مختلف گاوں سمیت گھوٹکی کا دورہ کرنے اور مختلف وفود سے ملاقات کرنے کے دوران کہی۔ انہوں نے پنوعاقل میں ولیج الاھی بخش منگی ، ولیج جلال انڈھڑ، ولیج میتلا و دیگر گاوں میں پہنچ کر فاتحہ خوانی کی، جبکہ گھوٹکی میں سابقہ چیئرمین نادر علی شاہ جیلانی کی رہائشگاہ پر پہنچ کر ان کی عیادت کی بعدازاں انہوں نے میرپور ماتھیلو پہنچ کر جمعیت علماء￿ اسلام کے مرکزی رہنما مولانا محمد اسحاق لغاری سے ان کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے جام ہاؤس عادلپور میں عوامی شکایات اور مسائل سنے اور ان کے فوری ازالے کے لیے اقدامات جاری کئے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سیاست میں تبدیلی آ چکی لوگ باشعور ہیں اچھے برے کی پہچان رکھتے ہیں اب وہ دور گذر چکا جب عوام کو غلامی کے زنجیر پہناکر ان کا ووٹ چوری کیا جاتا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں گھوٹکی سمیت پورے سندھ میں پیپلز پارٹی ہی سوئیپ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پر ایم کیو ایم نے 28 برس کا عرصہ حکومت کی ان کے میئرز رہے اب بھی ان کا ہی میئر ہے لیکن تنقید کا نشانہ پیپلز پارٹی کو ہی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے مخالفین نے ہر دور میں پیپلز پارٹی کے سیاسی اسٹیٹس کو توڑنے کی کوشش کی لیکن رزلٹ سب کے سامنے ہے، 2018ء کے انتخابات میں اگر ووٹ کی طاقت ہر ڈاکہ نہ ڈالا جاتا تو آج ملک ان نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کے ہاتھوں میں نہ ہوتا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ پیپلز پارٹی پنوعاقل صدر میاں عبدالقوی انڈھڑ، گھوٹکی ضلع جنرل سیکریٹری سکندر لاکھو، جنرل سیکریٹری حافظ عزیزاللہ بھٹو، غلام حیدر جھلن، عارف کورائی ، محمد اسماعیل دھوندھو ، اختر سنگھڑ، محمد عمر سنگھڑ ودیگر پارٹی عہدیداران اور کارکنان بڑے تعداد میں موجود تھے۔