سکھر صفائی کے ناقص انتظامات ، رہائشی علاقوں میں ڈرنیج سسٹم ناکارہ

158

 

سکھر (نمائندہ جسارت) شہر کے ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار، صفائی کے ناقص انتظامات، رہائشی علاقوں میں ڈرینج سٹم ناکارہ،شہری حلقوں کا مئیر سکھر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں، نمائش روڈ، بھوسہ لائن، پیر مراد شاہ، گڈانی پھاٹک، پرانہ سکھر، نیو پنڈ، پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ، غریب آباد، بچل شاہ و دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے ہیں جس کے باعث مذکورہ علاقوں میں جہاں نکاسی آب سسٹم مفلوج ہوگیا ہے وہیں ان علاقوں میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ نالیوں اور گٹر کے پانی نے تالاب کی شکل اختیار کرلی ہے۔ دوسری جانب سکھر انتظامیہ کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر نہیں بنائے جاسکے، شہر میں ترقیاتی کام مکمل نا ہونے اور صفائی کی ناقص صورتحال کی شکایت کے باوجود شہر اور شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں، شہر میں صفائی ستھرائی سمیت ڈرینج کے ناقص انتظامات پر شہریوں نے گہری تشویش اور سکھر میونسپل کارپوریشن، سکھر انتظامیہ، پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت، وزیر بلدیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سکھر ضلعی چیئرمن، میئر سکھر، میونسپل کمشنر، یوسیز چیئرمین، وارڈ کونسلر سمیت دیگر سے نوٹس لے کر شہریوں کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔