پاکستان نومبر میں بین الاقوامی اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

389

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان کو نومبر میں بین الاقوامی چمپئین شپ کرانے کی اجازت دے دی۔کھیلوں کی دنیا سے پاکستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی ملنے کی تصدیق کر دی۔ چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد نومبر کے پہلے ہفتے میں ہو گا،7 سے 11نومبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کئی انٹرنیشنل اسٹارز شرکت کریں گے۔مردانہ ایونٹ کی انعامی رقم 30 ہزار امریکی ڈالرز ہو گی جبکے خواتین ایونٹ کی انعامی رقم 10 ہزار امریکی ڈالرز ہو گی، سیکرٹری پاکستان ا سکواش فیڈریشن گروپ کیپٹن طایر سلطان نے کورونا کے فورا بعد بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی ملنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں دنیا کے بہترین کھلاڑی شریک ہوں گے جس سے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو بہت تجربہ ملے گا، یہ ایونٹ اس لحاظ سے بھی بہت اہم ہے کہ پاکستان کے سابق نمبرون کھلاڑی ناصر اقبال بھی اس ایونٹ میں4 سالہ پابندی کے بعد شرکت کر رہے ہیں، ناصر اقبال پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 4 سال سے پابندی عائد تھی۔