تبدیلی سرکار نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی، شہباز شریف

521

اسلام آباد:صدر  مسلم لیگ (ن)اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے غریب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی ہے،

پاکستان مسلم لیگ (ن)نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کردیا،اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کوعوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے، دو سال میں مہنگائی اور بیروزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے مشکلات کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ن لیگ دورمیں تاریخ سازترقی ہوئی جس کی مثال نہیں ملتی ہے، موجودہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لائیں گے اور اس حکومت کے پراپیگنڈے کیخلاف تمام آئینی و قانون اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سی پیک کا مذاق اڑایا اورالزامات لگائے جب کہ ہم نے نوازشریف کی قیادت میں تاریخی اقدامات کیے،ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کیے جبکہ آج بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے اورلوگوں کو مہنگی بجلی بھی مل رہی ہے، آج تک ہم  پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی،کسی ایک منصوبے میں بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج بھی لوگ جب موٹر وے پہ سفر کرتے ہیں تو نواز شریف کو یاد کرتے ہیں، روپے کی قدر 40 فیصد کم کی گئی لیکن اس کے باوجود ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوا، دنیا میں تیل کی قیمت زمین پرآچکی ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے قیمتیں بڑھا دی ہیں، حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا،اس وقت چینی کی قیمت 100 روپے کلو ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف ناقابل مثال پروپیگنڈا کیا گیا، آج چینی کی قیمت سو روپے سے اوپر چلی گئی ہے، اب چینی درآمد کی جا رہی ہے، پہلے چینی برآمدکی گئی، روپے کی قدرمیں کمی کا فائدہ اٹھایاگیا، کسانوں کو سزا دی گئی اور برآمد کنندگان نے اربوں منافع کمایا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بارگندم کٹائی سیزن ختم ہونے سے پہلے ناپید ہوگئی، حکومتی رکن نے فلورآف دی ہاؤس پرکہا کہ گندم کہاں گئی؟ تیل کی قیمتیں ایک دھچکے میں آسمان پرپہنچادیں، بجلی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کیا، گردشی قرضہ پھربھی قابو میں نہ آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بلا تفریق احتساب کے خلاف نہیں ہیں لیکن کابینہ میں موجود لوگوں سے کچھ بھی نہیں پوچھا جاتا ہے،کورونا آنے سے پہلے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے تھے،تبدیلی سرکار نے عوام کی زندگی تباہ کردی، لوگ پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں۔

شہباز شریف نے دعوی کیا کہ سفارتی محاذ پر بھی حکومت ناکام ہو چکی ہے جب کہ قوم اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے مر جائیں گے لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے تو وہ باتیں کہاں گئیں؟شہباز شریف نے استفسار کیا کہ این آراو نہیں دوں گاکے نعرے سے کیا لوگوں کے پیٹ بھرجائیں گے؟۔

موجودہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا موازنہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے کرتے ہیں تو نواز شریف کے دور حکومت میں عوام کی خوشحالی کے اقدامات اور منصوبے بڑی تیزی سے مکمل ہوئے، اس کی 72سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، آج بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔