لاہور‘ راولپنڈی اورگوجرانوالہ میںمائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون

147

اسلام آباد/مانسہرہ(خبر ایجنسیاں)پنجاب کے 3شہروں لاہور، راولپنڈی اور گوجر انوالہ میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیاجبکہ عملے میں کورونا تشخیص کے بعد شوگران، ناران اور کاغان کے تمام سیاحتی ہوٹلوں کو سیل کردیاگیا ہے جبکہ ملک میں کورونا کے باعث مزید 4افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 6235ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے 12، راولپنڈی کے 3اور گوجرانوالہ کے 2مقامات پر 14دن کے لیے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور کے 12مقامات سے 28کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں 19ہزار 538افراد کو لاک ڈائون کیا گیا۔ راولپنڈی کے 3 مقامات سے 7 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد راولپنڈی میں 947 افراد کو لاک ڈائون کیا گیا اور گوجرانوالہ کے 2 مقامات پر 53افراد کو لاک ڈائون کیا گیا۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے مختلف ہوٹلز کی انتظامیہ اور عملے میں کووڈ 19 کے کیسز سامنے آنے کے بعد شوگران، ناران اور کاغان کے تمام سیاحتی ہوٹلوں کو سیل کردیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مقبول حسین کے مطابق محکمہ صحت کو دوسرے دن سیاحتی مقامات شوگران، ناران اور کاغان میں واقع نجی ہوٹلز سے 47 کورونا کیسزملے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہوٹلز کی انتظامیہ اور عملے میں کورونا وائرس کے کیسز کے بعد تمام ہوٹلز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مقبول حسین نے بتایا کہ ہوٹلز کو بند کرنے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔سیل کیے گئے ہوٹلز سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تینوں سیاحتی مقامات پر 22 ہوٹلز اور ان کی شاخوں سمیت 48 ہوٹلز کو سیل کیا گیا۔ ادھرنیشنل کمانڈ آینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹے میں 4 اموات ہوئیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6235ہو گئی ، مزید591 نئے کیسز سامنے آ گئے ،متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 765 تک پہنچ گئی،وبا سے متاثر 2 لاکھ 75 ہزار 836 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں،696افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔