اپوزیشن کی سازشیں ناکامیوں کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں، مراد سعید

320

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی سازشیں ناکامیوں کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں جو کبھی براہ راست اور کبھی بیروزگار فضل الرحمان کے ذریعے این آر او پلس مانگتے ہیں، حزب اختلاف اپنی چوری بچانے کیلیے ہر فورم پر اور ہر طریقے سے مک مکا چاہتی ہے جبکہ ملکی مفاد اور مستقبل کو دائو پر لگا کر اپنی سیاہ کاریاں اور دولت بھی بچانا چاہتی ہے، ہم کسی بلیک میلنگ میں پہلے آئے نہ آئندہ آئیں گے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ رہزنی کی وارداتوں کا خاتمہ اور قوم کو خوشخبریاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی سیاست کو پاک کرنے کا فریضہ سر انجام دیا، جھوٹ اور بے ایمانی پر قائم سیاسی ڈھانچہ زمین بوس ہوا تو پاکستان نکھرنے لگا۔ بھاشا ڈیم سمیت پن بجلی اور ذخائر آب کی تعمیر کے زیر التوا منصوبے تعمیر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ حیدرآباد سکھر موٹروے اور ایم ایل ون منصوبے کی ایکنک سے منظوری ہوچکی ہے جبکہ لاہور کے مضافات میں راوی سٹی تعمیرات کا شاہکار ہے اس کے علاوہ سستے گھروں کی تعمیر عوام کو چھت مہیا کرے گی۔ عالمی ادارے پاکستانی معیشت کی صحتیابی کی خبریں دے رہے ہیں۔