لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت اسحق ڈار اور سلمان شہباز کو واپس نہیں لاسکتی تو نوازشریف کو واپس لانا بھی آسان نہیں ہے‘ مردہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی‘ اے پی سی ان کے گلے پڑے گی‘ عمران خان اپنی5 سالہ مدت پوری کریں گے‘ وہ نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دینے پر پچھتا رہے ہیں‘ ایک سال کے بعد مریم نواز کو جو سگنل ملا ہے وہ شہباز شریف کو ٹھا کرکے لگا ہے ‘ ریلوے میں صرف اسی کو تنخواہ ملے گی جو کام کرے گا۔ ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شالیمارٹرین کے کرائے میں 25 اگست تک 10فیصدکمی کردیں گے‘ میرے دور میں ری اسٹرکچرنگ کے دوران ریلوے سے کسی کو نہیں نکالا جا رہا‘ پنشن میں تاخیر ہو رہی ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے کام
کر رہے ہیں‘ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے جا رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ کہتے ہیں میرا تو سیاسی خانہ برباد ہے‘ پھر کسی اور کی سندھ میں کیوں حکومت ہے‘ اس لیے عمران خان5 سال پورے کریں گے ‘مولانا فضل الرحمن چاہتے ہیں کہ وفاق اور صوبوں میں کسی کی بھی حکومت نہ رہے‘ مولانا فضل الرحمن جو چاہتے ہیں وہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے نہیں ملے گا‘ فضل الرحمن مولوی لا سکتے ہیں لیکن مولوی لانے والوں کو بھی پتا چل گیا ہے ان سے کچھ نہیں ملے گا‘ اے پی سی ان کے اپنے گلے پڑ سکتی ہے‘ مولانا فضل الرحمن اے پی سی کا تحریری اعلامیہ چاہتے ہیں‘ شہباز شریف تقریر کرسکتے ہیں لیکن تحریری معاہدے کی طرف نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ این آر او خود نہیں بلکہ کسی کے ذریعے مانگتے ہیں‘ دونوں جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں‘ عمران خان کبھی این آر او نہیں دیں گے‘ نوازشریف اتنا بھو لا نہیں کہ وہ شہبازشریف کی طرح واپس آئے‘ شہباز شریف کی قربانی ہی نواز شریف کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ نوازشریف واپس آئے اور کیس کا سامنا کرے لیکن پہلے ہم اسحق ڈار اور سلمان شہباز کو واپس نہیں لاسکے‘ نوازشریف کو لانا آسان نہیں ہے۔ دریں اثنا ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظردرج ذیل ٹرینوں کے لالہ موسیٰ ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ بحال کردیے گئے ہیں‘ ان میں خیبر میل، تیزگام ایکسپریس، عوام ایکسپریس، جعفر ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس شامل ہیں۔ اس فیصلے پر فوراً عملدرآمد ہوگا۔