لاہور( نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں،جب معالجین نے سرٹیفکیٹ دیا تو نواز شریف ایک دن ضائع کیے بغیر وطن واپس آ جائیں گے ،وزیراعظم عمران خان ، صوبائی وزیر صحت اور مشیر
صحت استعفا دیں کہ ہم دھوکا کھا گئے،یہ لوگوں کی بیماری پر بھی سیاست کرتے ہیں ،انہوں نے ڈھٹائی کے ساتھ کلثوم نواز کی صحت پر تنقید کی اور پھر شرمندہ پھرتے رہے ،آج حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ جنہوںنے بلے کو ووٹ دیا وہ بھی آپ کا جلوس نکالنے کے لیے تیار ہیں ،جھوٹے کیس بنانے کا اختیار تو صرف نیب کے پاس ہے ،نیب حکومت کے اشاروں پر چلتی ہے ،این آر او کی تسبیح کی حقیقت قوم کے سامنے رکھیں کہ کس نے این آر او مانگا ہے ۔پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے سپر چیئرمین نیب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کی ہے جس میں حکومت نے 200 صفحات ضائع کرکے رپورٹ شائع کی ،حکومت رپورٹ کے پوسٹمارٹم سے بوکھلا گئی ہے ،2 سال بعد حالات یہ ہیں کہ کہ ملک کی معیشت 7فیصد گر گئی ہے ،بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کرنے کے بعد سرکلر ڈیٹ کیوں بڑھ گیا ؟ان کی باتوں پر تو شیطان بھی شرمندہ ہوتا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف حکومت کی تسلی کے بعد علاج کے لیے بیرو ن ملک گئے ،جب معالجین نے سرٹیفکیٹ دیا تو نواز شریف ایک دن ضائع کیے بغیر وطن واپس آجائیں گے ۔