عدالت عظمیٰ: آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری

310

اسلام آباد (آن لائن/ اے پی پی) عدالت عظمیٰ کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد آئندہ ہفتے کسی بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ عدالت عظمیٰ سے جاری ججز روسٹر کے مطابق 24 تا 28 اگست 2020ء کے دوران عدالت عظمیٰ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 2 بینچ جبکہ کراچی اور لاہور رجسٹری میں ایک، ایک ریگولر بینچ مختلف مقدمات کی سماعت کریگا۔ عدالت عظمیٰ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں مختلف کیسز کی سماعت کیلیے بینچ نمبر ایک جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل ہوگا۔ بینچ 2 میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود شامل ہوں گے۔ آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران عدالت عظمیٰ لاہور رجسٹری میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل 3 رکنی بینچ مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔ آئندہ ہفتے عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ مختلف مقدمات کی سماعت کریگا، جسٹس مقبول باقر چیمبر میں اپنے فرائض سر انجام دینگے۔ عدالت عظمیٰ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی جانب سے دائر درخواست ضمانت اور دیگر معمول کے کیسز سنے جائیں گے۔