مری :پی ٹی آئی ‘ پی پی کے سیکڑوں افراد جماعت اسلامی میں شامل۔سراج الحق کا حکومت مخالف تحریک چلانے کااعلان

931
مری: امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق شمولیتی کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ حقیقی اپوزیشن ہیں نہ وہ تحریک چلانے کی پوزیشن میں ہیں‘ اصل اپوزیشن جماعت اسلامی ہے اور تحریک بھی جماعت اسلامی ہی چلائے گی ‘سابق اورموجودہ حکمران پارٹیاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی پر راضی ہیں‘ یہ لڑے بغیر شکست قبول کرتی اورغلامی کی زنجیروں کو اپنا زیور سمجھتی ہیں‘ ان پارٹیوں کو اس کوڑے سے بھی محبت ہوگئی ہے جو سالہا سے ان پر برس رہا ہے مگر ان کی غیرت وحمیت مرچکی ہے ۔یہ قوم کو بھی غلامی کے ان اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں جن کے یہ عادی ہوچکے ہیں ، اب انہیں دن کی روشنی سے خوف آتا ہے ۔ پی ٹی آئی کے پیش کردہ بل پیپلز پارٹی اور ن لیگ پاس کراتی ہیں۔یہ ایک ہی استعماری اور استحصالی نظام کی پیدا وار ہیں اور ظلم و جبر کے اسی نظام کو مسلط رکھنا چاہتی ہیں۔کرپشن اور مس مینجمنٹ پر قابو پالیا جائے تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وزیر اعظم نے جتنی بار ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا ورد کیا اتنی بار اللہ کا نام لیا ہوتا تو یہ مسائل ختم ہوسکتے تھے‘ ہمارے پاس قرآن و سنت کا متبادل نظام ہے ۔ملک میں نظام مصطفی ﷺ نافذ ہوجائے تو غربت ، مہنگائی، بے روز گاری اور بدامنی ختم ہوجائے گی اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں شمولیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مری کے سیکڑوں لوگوں نے سابقہ اور موجودہ حکمران پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرلی۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر تحصیل مری امتیاز عباسی نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے مری کے غیرت مندوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔مسلم لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کو چھوڑنے والوں نے 40 سال سے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیکھا انہیں بار بار سبز باغ دکھائے گئے۔ مری کے عوام کو گیس اور نوجوانوں کو روز گار دینے کے اعلانات کیے گئے مگر آج تک مری کو گیس ملی نہ نوجوانوں کو روز گار۔ مری کے بیشتر علاقے اب بھی گیس سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ نوجوان موجودہ نظام سے بغاوت اور اسلامی نظام کیلیے جدوجہدکرنے کا عزم لیکر جماعت اسلامی میں شامل ہوئے ہیں، میں ان کا خیر مقدم کرتا ہوں اور جماعت اسلامی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتاہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مری کے عوام سے بار بار یونیورسٹی کا وعدہ کیا لیکن دوسرے وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی نقش بر آب ثابت ہوا اب مری اور ارد گرد کے دیہات سے سیکڑوں بچیوں کو تعلیم کیلیے راولپنڈی اور اسلام آباد جانا پڑتا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا۔یہ نااہلوں کا ٹولہ ہے جو مسائل میں اضافہ تو کرسکتا ہے انہیں حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف اسلامی نظام میں ہے ۔اب عوام ڈگڈیاں بجا کر تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کے فریب سے نکلیں اور اللہ کے نظام کے نفاذ کیلیے جدوجہد کریں۔ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی امیر العظیم نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے والی شخصیات سے حلف لیااور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے الیکشن میں مری سے جماعت اسلامی بڑی اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔وہ وقت دور نہیں جب کرپٹ چہرے ایوانوں سے نکالے جائیں گے۔ جماعت اسلامی اب غریبوں کا انقلاب لائے گی۔ تبدیلی کے وعدے کرنے والوں کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ان کی موجودگی میں عوام کی قسمت تبدیل نہیں ہوگی ۔یہ لوگ غریب عوام کے نام پراپنے مفادات کی سیاست کرتے ہیں اور جب ان کے مفادات پورے ہوجاتے ہیں تو پلٹ کا عوام کو پوچھنابھی گوارا نہیں کرتے ۔