لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست نواز شریف سے شروع ہوتی ہے اور انہیں کے نام پر ختم ہوتی ہے، عمران خان اپنی کرپشن چھپانے کے لیے نوازشریف کے خلاف بیان دینا شروع کر دیتے ہیں۔
نوازشریف سے متعلق عمران خان اور ترجمانوں کی زیرِ صدارت اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف پنجاب حکومت کی درخواست پر قانونی طریقے سے علاج کرانے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنی نالائقی اور کرپشن چھپانے کے لئے نوازشریف کے نام کا سہارا لینا پڑتا ہے، 2 سالہ بدترین کارکردگی کو عمران خان این آر او بیانیے سے بیوقوف نہیں بنا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب مہنگائی کو 13 فیصد سے 3 فیصد کم کرنے کے انتظامات تیز کرنے کی ہدایت کریں، عوام کو روزگار مہیا کرنے کے لئے تمام متعلقہ آپشنز استعمال کرنے کی ہدایت کریں، آٹا 78 روپے سے 33 روپے کرنے کے بھی متعلقہ آپشنز استعمال کرنے کی ہدایت کریں۔
ترجمان نے کہا کہ جہانگیرترین کو بلانے کے لئے قانونی آپشنز استعمال کرنے کی ہدایت کریں، 23 فارن فنڈنگ، 13000 ارب کا قرضہ، مالم جبہ پر کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کریں، بلین ٹری سونامی، چینی، آٹا اور پیٹرول پر کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کریں۔