منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز شریف تمام ملزمان 27 اگست کو طلب

206

لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ(ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کرلیا، عدالت کا جیل حکام کو حمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو بھی 27 اگست کو پیش کرنے کا حکم۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالتی
استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں جن پر 7 ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ 4 وعدہ معاف گواہ بھی شامل ہیں۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شہباز شریف، سلمان شہباز، اہلیہ نصرت شہباز اور دونوں بیٹیوں رابعہ عمران اور جویریہ علی نے انویسٹی گیشن جوائن نہیں کی جس پر عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر بتائیں کہ ان ملزمان کیخلاف کیا شواہد ہیں اور انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر ان ملزمان کی طلبی کے حوالے سے بھی آئندہ سماعت پر معاونت کریں۔