لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے یوم عاشور محرم الحرام کے حوالے سے کانٹیجنسی پلان ترتیب دے دیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے کہا ہے کہ لاڑکانہ ہمیشہ مذہبی رواداری کا گہوارہ رہا ہے، تمام مذہبی و سماجی تہوار امن وامان کے ساتھ منزلِ مقصود پر پہنچتے رہے ہیں تاہم لاڑکانہ پولیس محرم الحرام میں بھی امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں سابقہ تجربات کی روشنی و مذہبی رہنماؤں کے نشاندہی کردہ مسائل اور حالاتِ حاضرہ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 180 مرکزی امام بارگاہیں ہیں، محرم الحرام کے عاشورے میں 179 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن میں 9 انتہائی حساس، 16 حساس جبکہ 54 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 181 مجالس قائم کی جائیں گی، جن میں سے 9 انتہائی حساس، 16 حساس اور 56 نارمل نوعیت کی ہیں، محرم الحرام کے دوران لاڑکانہ پولیس کے 3300 پولیس افسران و جوان اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس پلاٹونز بھی ہیڈ کوارٹرز میں ریزرو کی گئی ہیں، خواتین کی مجالس میں خواتین پولیس اہلکار اور رضاکار مقرر کی جائیں گی، کانٹیجنسی پلان کے مطابق تمام امام بارگاہوں، مساجدوں مدارس و حساس جگہوں سمیت جلوسوں کی گزرگاہوں اور تمام مجالس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک نقل وحرکت دیکھنے کی صورت میں فی الفور متعلقہ تھانہ مدد گار بیس 15 یا 0749410425، 0749410412 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔