امریکا نے یورپی یونین کو ایران نواز قرار دیدیا

281

 

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے معاملے پر امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے درمیان اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایران کے خلاف ایک متنازع لائحہ عمل کے تحت پابندیوں کے دوبارہ اطلاق کا مطالبہ کیا ہے، جسے برلن، پیرس اور لندن نے یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا ہے کہ امریکا اس مطالبے کا حق نہیں رکھتا۔ پومپیو نے ان یورپی ممالک پر الزام لگایا کہ وہ ایرانی رہبراعلیٰ کی حمایت کر رہے ہیں۔ ا نہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی بحالی کی مہم میں واشنگٹن کا ساتھ دے۔ دوسری طرف یورپی ممالک نے موقف اختیار کیا ہے کہ امریکا 2018ء میں ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے نکل گیا تھا، اس لیے اب امریکا کے پاس تہران کے خلاف جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں پابندیوں میں توسیع کا طریقہ کار اختیار کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں رہا۔ مائیک پومپیو نے نیویارک میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے سوا کسی دوسرے ملک میں یہ جرأت نہیں کہ وہ ایران کی جوہری خلاف ورزیوں پر سلامتی کونسل یا کسی دوسرے فورم پر بات کرے۔