کراچی: پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ، محرم کا پورا مہینہ ہی اسلامی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے، اس مہینے میں تاریخ کے اہم ترین واقعات پیش آئے یکم محرم کو دوسرے خلیفہ راشد حضرت عمر رضی اللہ عنہ بن خطاب کی شہادت اور واقعہ کربلا کی خاص اہمیت ہے۔
یکم محرم کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے، آپ نے نبوت کے چھٹے سال اسلام قبول کیا، آپ سے پہلے 40 مرد اور 11 خواتین اسلام قبول کرچکی تھیں، حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد آپ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ بنے، تقریباً 11 سالہ دور حکومت میں حضرت عمر نے اسلامی سلطنت کا دائرہ 22 لاکھ مربع میل تک پھیلادیا، حضرت عمر فاروق کے دور میں مسلمانوں نے پہلی بار بغیر لڑائی کے یروشلم کو فتح کیا۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت کی پیشگوئی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے خود فرمائی تھی۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ 26 ذوالحجہ کو معمول کے مطابق نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد نبوی میں تشریف لائے جہاں نماز فجر میں ابو لولو نامی مجوسی غلام نے حضرت عمر پربے دردی سے وار کیے، پہلا ہی وار بہت گہرا تھا ، جس سے آپ کا خون اتنا بہہ گیا کہ مسجد نبوی کے منبر و محراب خون فاروقی سے سرخ ہوگئے۔ تین روز یہی کیفیت رہی جو دوا دی جاتی وہ کٹی ہوئی آنتوں سے باہر آجاتی تھی۔ یکم محرم سنہ 23 ہجری کو آپ اس دنیا سے تشریف لے گئے، آپ کی تدفین روضہ رسول (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) کی گئی ۔