صوابی (این این آئی) ضلع صوابی میں ٹریفک کے حادثات میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ مردان صوابی روڈ پر کالو خان کے مقام پر ڈمپر ٹرک و موٹر سائیکل کے مابین تصادم کے نتیجے میں چودہ سالہ موٹر سائیکل سوار انیس ولد جہان سید سکنہ آدینہ جاں بحق ہو گیا ۔ ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کا لو خان اسپتال منتقل کر دیا دریں اثناء تھانہ یار حسین کے حدود میں یو سی یعقوبی کے گائوں بال بانڈہ میں موٹر سائیکل کے حادثے میں ضیاء اللہ ولد زرد علی سکنہ بال بانڈہ جاں بحق ہو گئے ۔ صوابی پر مولی پولیس نے برف کے تنازع پر قتل کرنے والے اختر کلام کے قاتل نور باچا کو گرفتار کرلیا، ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مبینہ ملزم نور باچا سکنہ نارنجی نے برف کے بلاک پر تکرار ہونے پر دکاندار اختر کلام پر چھری سے وار کر کے قتل کیا تھا۔ مقتول کے بھائی زرکلام کی رپورٹ پر پر مولی پولیس نے ایف آئی آر درج ہونے پر مبینہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردیں۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی رزڑ پشم گل خان کی قیادت میں ایس ایچ او پر مولی اور سب انسپکٹر انچارج پولیس چوکی نارنجی نذیر حسین کی قیادت میں پولیس پارٹی نے کارروائی کر کے ملزم نور باچا کو پہاڑی علاقہ درہ سے گرفتار کرلیا۔ پر مولی پولیس نے مبینہ ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ صوابی زیدہ پولیس نے موٹر سائیکل پر منشیات فروخت کرنے والے منشیات فروشوں کو دھرلیا، آئس سمیت ڈیجیٹل اسکیل بھی برآمد کرلیا۔ ایس ایچ او تھانہ زیدہ عجب درانی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ دوران گشت دو موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو تلاشی کی غرض سے روکا اس دوران عبدالباسط سکنہ کلابٹ اور ابو بکر سکنہ گاڑ منارہ کے قبضے سے 32 گرام آئس اور 1 ڈیجیٹل اسکیل بھی برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق منشیات فروش موٹر سائیکل کے ذریعے مختلف علاقوں میں اپنے گاہگوں کو آئس منشیات فروخت کرتے تھے۔ زیدہ پولیس نے ملزمان کیخلاف منشیات ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔