لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ میں منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان کا آئی جی پنجاب کے بیان پر برہمی کا اظہار۔ عدالت نے بیان کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا جو قانون میں لکھا ہے، اس پر عمل درآمد ممکن نہیں۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عدالت نے استفسار کیاکہ ملزم 2 مقدمات میں سزا یافتہ ہے مگر تفتیشی نے یہ بات نہیں بتائی،ناقص تفتیش سے ملزمان کی ضمانتیں ہو جاتی ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے بیان میں کہا کہ سسٹم کی بہتری کے لیے جو کر سکتے ہیں وہ کررہے ہیں تاہم تمام قوانین پر عمل انسانی استطاعت سے باہر ہے۔ جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اورآئی جی پنجاب کے بیان کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے بیان کو نوٹ کر لیا جائے ، کیا جو قانون میں لکھا ہے اس پر عمل درآمد ممکن نہیں ۔ عدالت نے آئی جی پولیس پنجاب کی اہلیت کے معیارکے حوالے سے پنجاب حکومت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کا بھی حکم دیا۔