سکھر (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلے میں بڑی امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں کے روٹس، سیکورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے نئوں گوٹھ، پنجگلہ چوک، لقمان، چانڈیا موڑ، بڑا علم سمیت شہر کی تمام ماتمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا گیا۔ دورے کے دوران حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد علی قریشی نے کہا کہ تمام قانون لاگو کرنے والے ادارے مذہبی علماء، متولین اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں اور انتہائی حساس اور نارمل جلوسوں اور مجالس کی اچھے طریقے سے نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام امام بارگاہوں کے باہر واک تھرو گیٹس قائم کیے جائیں اور پارکنگ ایریا 200 میٹر کے فاصلے پر قائم کی جائیں۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ اور میونسپل کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کا نظام بہتر کیا جائے اور راستوں سے پتھر، مٹی، گندا پانی سمیت تمام تعمیرات میں استعمال ہونے والے سامان کو ہٹایا جائے اور راستوں کو جلوسوں کے لیے صاف کرایا جائے تاکہ ماتمی جلوسوں کو گزرتے وقت کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہوسکے۔ اس سلسلے میں اسپیشل ٹیمیں بنائی جائیں جو راستوں سے تمام رکاوٹیں فوری ہٹانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ دورے کے دوران ایس ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجلسوں اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی جبکہ پری پروسیشن اور پوسٹ پروسیشن کے لیے سیکورٹی تعینات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی جانب سے نفری مقرر کرنے کے لیے پلان مرتب کیا گیا ہے اور پلان کے مطابق اہلکاروں کو جلسوں اور جلوسوں کے لیے مقرر کیا جائیگا۔ اس موقع پر اے ایس پی سٹی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر خیرپور، پبلک ہیلتھ، میونسپل کے افسران سمیت و دیگر عملداروں نے شرکت کی۔