اسلام آباد/کوئٹہ (آن لائن ) سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی سیاست میں ایک بار پھر متحرک ہو گئے۔ نواز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو بھی ٹیلیفون کیا ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کا گزشتہ 24 گھنٹوں میں سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمن سے بھی 2 بار رابطہ کیا ہے ۔نواز شریف، بلاول اور فضل الرحمن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا ۔ ٹیلیفونک گفتگو میں ملکی سیاسی صورتحال پر کھل کر بات چیت کی گئی ۔مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو ن لیگ سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دیا۔ انہوں نے نواز شریف سے شکوہ کیا کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے ہر موقع پر مایوس کیا ۔، ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے نواز شریف کو حکومت مخالف کسی بھی تحریک کی کھل کر حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے اپنی رہائشگاہ پر شہیداسلام مولانا محمد حنیف کے جانشین اور جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما مولانا مفتی محمد قاسم کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آئین اور قانون کی بالادستی کی جانب لے کرجانا چاہتے ہیں،آمرانہ رویوں سے پہلے بھی لڑے تھے اب بھی لڑیں گے،ذاتی اور پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔ عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں گے جعلی حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے،نیب کو استعمال کرکے ہمیں خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔