سینیٹ: سراج الحق نے ن لیگ اور پی پی کے کردار پر اعتراضات اٹھا دیے

1077

اسلام آباد: امیر جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ میں قانون سازی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کردار پر اعتراضات اٹھا دیے۔

سینیٹر سراج الحق نے پارلیمانی رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کا حکومت کا ساتھ دینا قابل افسوس ہے، 2020 میں ایک بار پھر دونوں سیاسی جماعتوں نے حکومت کا ساتھ دیا۔

سراج الحق نے کہا کہ بین الاقوامی دباؤ کے باعث سب آنکھیں بند کر کےحکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر ایف اے ٹی ایف سے متعلق بل جلد بازی میں منظور کیے گئے۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے بروقت ترامیم جمع کرائیں، چیئرمین نے کہا تاخیر سے جمع کرائیں، وقت آنے پر پیپلز پارٹی نے نا صرف ترامیم واپس لیں بلکہ اجلاس سے بھی چلے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پی پی نے بلوں کی منظوری میں بہت اچھے سہولت کار کا کردار ادا کیا، اپوزیشن کی بڑی جماعتوں، حکومت اور چیئرمین سینیٹ کے رویہ پر افسوس ہے۔