نواز اور زرداری کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت ،زرداری کیخلاف ایک اور ضمنی ریفرنس

99

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) نیب کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت مل گئی۔ نیب کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت سے آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جب کہ احتساب عدالت نے چیئرمین نیب کے گاڑیاں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کر دی ہے۔ چیئرمین نیب نے زرداری کی تین ، نواز شریف کی ایک گاڑی منجمد کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔نیب نے احتساب عدالت میں مؤقف پیش کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے غیر قانونی طور پر توشہ خانے سے گاڑیاں لیں۔ احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نیب کو آصف زرداری اور نواز
شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر توشہ خانے سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے، نیب نے سابق صدر آصف زرداری ، اورسابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے، اور چیئر مین نیب نے گاڑیاں منجمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ گاڑیاں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کے لیے نیب نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا۔علاوہ ازیں پارک لین کیس میں سابق صدرآصف زرداری کے خلاف نیب نے ایک اورضمنی ریفرنس دائرکردیا۔ پارک لین کیس میں نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدرآصف زرداری کے خلاف ایک اورضمنی ریفرنس دائرکردیا۔ ضمنی ریفرنس میں جعلی دستاویزات پرقرض لینے کے شواہد شامل ہیں۔ضمنی ریفرنس کے مطابق پارک لین کمپنی قرض واپسی سے انکارکرتی رہی ہے جب کہ نِجی بنک کے مزید دو ملزمان ضمنی ریفرنس میں نامزدکیے گئے ہیں۔اس سے قبل احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کردی تھی تاہم آصف زرداری سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔