گرین بیلٹس پر بنے تمام پمپ ہٹیں گے،عدالت عظمیٰ

257

اسلام آباد(اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے فیصل آباد میں سرکاری اراضی پر 2 پیٹرول پمپس کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت کل بدھ تک ملتوی کر دی پیٹرول پمپس سے قبضہ واپس لینے کا حکم دیدیا۔ پیر کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربرا ہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار قلب حسن نے مؤقف اپنایا کہ این ایچ اے نے سرکاری زمین پیٹرول پمپس کو لیز پر دے
رکھی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ30 ہزار سالانہ کرایے پر این ایچ اے نے گرین بیلٹ پر پمپس بنوا دیے، گرین بیلٹ کی زمین پیڑول پمپ کے لیے کیسے الاٹ ہوگئی؟ گرین بیلٹس پر بنے تمام پمپس ہٹیں گے، اس طرح تو سارے باغ بھی لیز کردیں گے، ، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ سرکاری زمین کو کوڑیوں کے بھائو دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتا یا کہ فیصل آباد میں گرین بیلٹ پر قائم پٹرول پمپ کا قبضہ حاصل کر لیاہے۔ واضح رہے کہ فیصل آباد میں ایک پیٹرول پمپ گرین بیلٹ اور دوسرا جوائے پارک میں بنایا گیا ہے۔