لاڑکانہ، سگ گزیدگی کے واقعات میں 6 افراد زخمی

212

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات، ماضی میں کتوں کے کاٹنے سے تین معصوم بچوں کی ہلاکت کے باوجود بھی انتظامیہ نے ہوش کے ناخن نہیں لیے۔ سندھ کے چوتھے بڑے شہر لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں نے مرد اور خاتون سمیت چھے بچوں کو کاٹ کر زخمی کر دیا، زخمی ہونے والوں میں نیو بس اسٹینڈ کا رہائشی 5 سالہ راجہ کھوسو، 20 سالہ وسیم، 42 سالہ نواب سمیت 60 سالہ خاتون جتماں بھی شامل ہیں، تمام متاثرین کو اے آر وی ویکسین فراہم کر دی گئی ہے۔ اے آر وی سینٹر انچارج کے مطابق صرف ایک روز میں کتے کے کاٹے کے 26 کیسز آئے ہیں، جن میں 6 نئے جبکہ 20 فالو اپ کیسز ہیں، سنگین صورتحال کے باوجود حکمراں جماعت کے صوبائی و مقامی رہنما یہ بات کر کے ٹالتے ہوئے اہم مسئلے کو نظر انداز کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ لاڑکانہ میں کتے کاٹتے جبکہ دیگر شہروں میں صرف بھونکتے ہیں، لاڑکانہ کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے اور یہاں اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے، اگر ہم نے کتوں کیخلاف کارروائی کی انہیں مارا تو جانوروں کے حقوق کے متعلق این جی اوز عدالت چلی جائیں گی۔