نوابشاہ،پولیس کے بہیمانہ تشدد سے عمر رسیدہ قیدی جاں بحق

190

نواب شاہ(رپورٹ کاشف رضا)ڈسٹرکٹ جیل میں قید ملزم مختیار زرداری مبینہ پولیس تشدد کے باعث جا بحق ہوگیا ۔ورثاء کا اعلی حکام سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ۔ مبینہ تشدد سے جاںبحق قیدی مختیار زرداری کو قاضی احمد پولیس نے قتل کی تفتیش میں گرفتار کیا تھا۔ دولت
پور پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں جیل بھیجا تھا، ملزم جونا موری پر پکوڑے سموسہ فروخت کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل میں قید 60 سالہ ملزم مختیار زرداری مبینہ تشدد کے بعد پیپلز میڈیکل اسپتال میں دم توڑ گیا۔ جاںبحق ملزم کے رشتہ داروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ جاںبحق مختیار زرداری کو قاضی احمد پولیس کے ایس ایچ او حسن کھرل نے دو ہفتہ قبل جونا موری اسٹاپ سے قتل کے مقدمہ کی تحقیقات کے نام پرگرفتار کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بناکر دولت پور پولیس کو دیا۔ دولت پور پولیس نے جاںبحق قیدی کو پانچ کلو چرس لگا کر منشیات کے مقدمہ میں جیل منتقل کردیا ۔جیل حکام نے مختیار کی طبعیت خراب ہونے پر پیپلزمیڈیکل اسپتال علاج کے لیے منتقل کیا جہاں مختیار زرداری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔جاںبحق قیدی کے بھائی نے اعلی حکام سے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا پولیس نے ظلم کرکے بھائی کو ناحق قتل کیاہے۔ مختیار زرداری ایک باعزت شہری تھا جو جونا موری پر پکوڑے سموسہ فروخت کرکے اپنے بچوں کا گزربسر کرتاتھا۔