اراضی کیس: شہباز شریف اور مریم نواز عدالت طلب

92

لاہور (نمائندہ جسارت) سینئر سول جج فوزیہ سائرہ کی عدالت نے جاتی امراء اراضی خریداری کیس پر سماعت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 20 اگست کو طلب کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت نے مذکورہ دونوں لیگی رہنمائوں کو مقامی شہری ڈاکٹر عبدالرئوف کی درخواست پر طلب کیا ہے۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شریف فیملی نے جاتی امراء میں ہمارے آباؤ اجداد کی طرف سے ملنے والی 4 ہزار ایکڑ زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا، ہمارے آباؤ اجداد نے 1911ء سے 12 19ء میں اس وقت کی راجھ باہ گورنمنٹ سے اراضی
خریدی تھی، زمین کا اصل مالک پیر بخش ابھی زندہ ہے جس کے آباؤ اجداد نے زمین خریدی، ہمارے پاس تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں جو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائے جا سکتے ہیں۔ درخواست گزارنے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر ہوں،عدالت سے استدعا ہے کہ ہمیں زمین کی مد میں جو نقصان اٹھانا پڑا اسکا 5 ہزار کروڑ بطور رینٹ ادا کرنے کا حکم دیا جائے اور عدالت متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اوزکو زمین واگزار کرانے کا حکم دے۔