پی پی، ن لیگ کے پاس دولت لوٹانے کے سوا چارہ نہیں، مراد سعید

86

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں کہا ہے کہ قوم کی لوٹی گئی دولت کا ان کے پاس جواب ہے نہ شریفوں کے پاس، سیاست کی آڑ میں قطعاً چوری بچانے کی اجازت نہیں دیں گے، رسیدیں پیش کرنے یا قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لوٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ ان کی سیاست کا محور محض اپنی چوری بچانا ہے، انہیں بلوایا چوری کا حساب دینے کیلیے جاتا ہے یہ کارکنان کو ڈھال بنا کر اداروں کو دھمکانے آتے ہیں، کرپشن اور چوری میں
ان کے اتحادی شریفوں کو بلوایا جاتا ہے تو وہ اداروں پر حملے کرتے ہیں، سیاسی بحث و مباحثے کا فورم پارلیمنٹ ہے وہاں سے یہ بھاگ نکلتے ہیں، پرچی چیئرمین کو بارہا ٹی وی مباحثے کی بھی دعوت دے چکے ہیں، وہاں گفتگو کی ان میں ہمت نہیں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں این ایچ اے جیو گرافک انفارمیشن سسٹم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ این ایچ اے کے تمام منصوبوں میں جی آئی ایس کا اطلاق کریں گے۔ رواں مالی سال چمن کراچی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ہم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو استحکام کی طرف لے کر جانا ہے، این ایچ اے ایسے منصوبے سامنے لائے گا جس سے لوگوں کو روزگار ملے اور سڑکیں بھی بنیں۔