منی لانڈرنگ کیس،حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس دائر

372

لاہور:منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت، نیب حکام نے حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔

 ریفرنس نیب عدالت کے ایڈمن جج کی عدالت میں دائر کیا گیا جس میں  حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف بیرون ملک رقوم بھیجوانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

دوسری جانب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے جاتی امراء میں 4 ہزار ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں جواب طلب کرلیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ہر شہری کا آئینی و قانونی حق ہے کہ اسے قبضہ مافیاز سے بچا کر اس کی زمین واگزار کروائی جائے، ہمیں زمین کی مد میں جو نقصان اٹھانا پڑا عدالت اس کا 5 ہزار کروڑ روپے بطور کرایہ ادا کرنے کا حکم دے اور عدالت متعلقہ تھانے کے ایس ایچ کو زمین کو واگزار کرانے کا حکم بھی دے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے جاتی امراء میں 4 ہزار ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں جواب طلب کرلیا اور 20 اگست تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔