لاہور (آن لائن) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پرجوش اور شاندار انداز میں یوم آزادی منانے پر پاکستان عوامی تحریک کی جملہ تنظیمات عہدیداران و کارکنا ن کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وطن سے محبت کا یہ والہانہ اظہار فقط ایک دن یا ایک رات تک محدود نہیں رہنا چاہیے یہ جوش و جذبہ سال کے 365 دن نظر آنا چاہیے،پاکستان انسانیت کی محافظ سر زمین ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ گھر سے نکلتے ہوئے ہر روز وطن سے تجدید عہد وفا کریں، کبھی راستے سے کانٹے اور پتھر ہٹا کر، کبھی کسی ضرورت مند کی مدد کر کے ،کسی مستحق طالبعلم کی فیس ادا کر کے اورکبھی کسی بھوکے کو کھانا کھلا کر۔ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان مائوں بہنوں،بزرگوں کی دعائوں اور قربانیوں سے حاصل ہوا ہے اس کی تشکیل کے مقصد کو کبھی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔ استاد،علما ، والدین نئی نسل کوپاکستان کی تشکیل کی غرض و غایت کے بارے میں آگاہ کرتے رہا کریں۔