لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) مدیجی کے قریب دو موٹرسائیکلوں اور گدھا گاڑی میں ٹکر کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار مدیجی کے رہائشی 50 سالا فیاض حسین پنہور اور ان کی اہلیہ شمع خاتون شدید زخمی ہوئے جنہیں آس پاس کے لوگوں نے تشویش ناک حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے فیاض حسین پنہور دم توڑگئے جبکہ ان کی اہلیہ کا علاج جاری ہے۔ ورثا کے مطابق فیاض حسین پنہور اپنی اہلیہ کے ہمراہ باقرانی رشتے داروں کی شادی میں شرکت کے بعد واپس گھر جارہے تھے کہ مدیجی کے قریب دو موٹرسائیکلوں اور گدھا گاڑی میں ٹکر کے نتیجے میں وہ جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب متوفی کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ قمبر شہدادکوٹ ضلع کی تحصیل وارہ کے گاؤں پنج آب میں آوارہ کتے نے مسجد جانے والے 12 سالا بچے یاسر بروہی کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا جسے اہل خانہ نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال میں قائم اینٹی ربیز سینٹر منتقل کیا جہاں ویکسین کے بعد زخمی بچے کو ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا۔اہل خانہ کے مطابق یاسر صبح کے وقت گاوں کی مسجد جارہا تھا کہ راستے میں آوارہ کتے نے کاٹ کر زخمی کردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچے کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ڈاکٹروں نے سرجری کا مشورہ بھی دیا ہے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک بچے کا علاج جاری تھا۔