کورونا کے بعد بھی مستحقین کی مدد جاری رکھی جائے، پرویز الٰہی

119

لاہور (آن لائن) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کورونا کے بعد بھی مستحق افراد کی امداد جاری رکھی جائے، ہم نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے، کورونا کی وجہ سے معاشی صورتحال بہت کمزور ہے، پاکستان مسلم لیگ نے رمضان اور عید
کے موقع پر بھی ادویات اور راشن مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوںنے پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری سلیم بریار نے پارٹی امور سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سلیم بریار کی پارٹی کیلیے کاوشوں کو سراہا اور پارٹی امور کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل جلد مکمل کرکے عہدیداروں اور کارکنوں کو نچلی سطح تک متحرک کیا جائے۔