سعودی عرب سے غلط فہمیاں دور ہوگئیں،شیخ رشید

349

لاہور(صباح نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہسعودی عرب سے غلط فہمیاں دور ہوگئیں‘ مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اورادارے ایک پیج پر ہیں، پاک فوج اور عمران خان کی حکومت ایک گاڑی کے2پہیے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی حکومت5برس پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پتھروں والا جلوس نکالا، مریم نواز کی پیشی پر راولپنڈی سے بھی گاڑیاں کرایہ پر لی گئیں، مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے،شہباز شریف اور حمزہ شریف پر الزامات کی نوعیت سنجیدہ ہے، شریف خاندان کا ایک ہی مقصد کہ ان کیخلاف مقدمات ختم کیے جائیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلا سکتی، میں عمران خان کو اس اپوزیشن کے ہاتھوں زچ ہوتے نہیں دیکھتا، اپوزیشن کی سیاست وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے، ان کے لیے لوگ باہر نہیں نکلیں گے، محرم آگیا ہے اور اس کے بعد صفر شروع ہوگا، اے پی سی کی تاریخ دی تھی ،کہاں ہے اب اے سی پی ؟ یہ سمجھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن کو دوبارہ استعمال کرلیں گے،مولانا فضل الرحمن جاگتے رہیں، ان کے بھروسے پر نہ رہیں،ان لوگوں کو صرف این آر او چاہیے،نیب کوختم کرنے کا مقصد ان کیخلاف مقدمات ختم کرنا ہے،مولانا فضل الرحمن کا مطالبہ ہے کہ وہ اسمبلیوں سے باہر نکل جائیں۔ مولانا فضل الرحمن کی بھول ہے کہ یہ اسمبلیاں چھوڑدیں گے، ان کوا سمبلی کی وجہ سے پروٹوکول مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، عمران خان بزدار کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،وزیر اعظم نے انسداد کورونا کے لیے بہتر حکمت عملی دی، اسمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کامیاب رہی۔شیخ رشید نے کہا کہ سعودی عرب آزمودہ دوست ہے، سعودیہ اور پاکستان میں جو غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو چکی ہیں، تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،پاکستان سعودی عرب سے دوستی کو آگے لے کر بڑھے گا، وہاں سے اچھی خبریں آئیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسائل کا حل چیف جسٹس نے دیا ہے کہ 120 عدالتیں قائم کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگست سے مزید10ٹرینیں چلائی جائیں گی، ایم ایل ون تاریخی منصوبہ ہے، اس کا تاریخی افتتاح ہوگا، ایم ایل ون کے افتتاح پر چین سے بڑی شخصیت کی آمد متوقع ہے، ایم ایل ون پاکستان کی تاریخ کا گیم چینجرہے، ایم ایل ون کا کریڈٹ وزیراعظم اور آرمی چیف کو جاتا ہے، آئی پی پیز میں بجلی کے نرخ کم ہونے جا رہے ہیں۔