لاڑکانہ، مختلف تنظیموں کی جانب سے جشن آزادی ریلیوں کا انعقاد

149

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) 73ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کی جانب سے پورا کشمیر اب پاکستان ہے کے عنوان سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی چیئرمین نیشنل پیس کونسل محمد عاشق پٹھان اور محمود پٹھان نے ریلی کی قیادت کی جبکہ بچوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے وابستہ شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کے خاتمے تک ہر پاکستانی کشمیریوں کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا جبکہ اپنے جشن یوم آزادی پر پاک افواج کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیریوں کی کئی دہائیوں پر مشتمل جدوجہد اور شہدا کو بھی خراج تحسین پیش کر رہے ہیں انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اب مکمل کشمیر کو اپنے نقشے میں شامل کرچکا ہے، کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کا حصہ تھا، اقوام عالم کی کشمیر میں جاری قتل و غارت پر خاموشی افسوسناک ہے، تاہم بھارت پورے خطے میں اکیلا ہو چکا اور پاکستان کو ہر سطح پر سراہا جارہا ہے بھارتی پاکستان میں منافرت اور دہشت گردی پھیلانے سمیت اپنے دیگر ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کو دھول چٹائی ہے۔ ریلی میں سہیل سومرو، محمد علی شیخ، ذوالفقار مگسی، اللہ ڈنو انصاری، نبیل محمود، وقار قریشی، رستم لغاری، شاہ محمد لاشاری، مرید سولنگی، انور ہلیو اور رحمت اللہ شاہانی نے شرکت کی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے طارق علی رند کی قیادت میں، پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے ضلعی صدر نادر مگسی کی قیادت میں، پاکستان پیٹریاٹک موومنٹ کی جانب سے مرکزی چیئرمین لیاقت ابڑو، یونس علی ابڑو، راجا منیر و دیگر کی قیادت میں، تنظیم اصلاح الفقرائے حسینیہ نقشبندیہ جماعت ضلع کی جانب سے صدر حافظ گل حسن جتوئی و دیگر کی قیادت میں، پاکستان سنی تحریک کی جانب سے صوبائی رہنما مولانا علی نواز قاسمی کی قیادت میں، شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے علامہ ریاض حسین الحسینی کی قیادت میں علیحدہ علیحدہ ریلیاں نکالی گئیں، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچیں، جہاں ملی نغموں اور قومی ترانے پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔