حصول پاکستان کا مقصد آئین کے دیباچے میں درج ہے، طاہر القادری

103

لاہور (آن لائن) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ رب العزت کی ایک بہت بڑی نعمت ہے، آزادی کی یہ عظیم نعمت عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی، پاکستان جس مقصد کیلیے حاصل کیا گیا وہ آئین پاکستان کے دیباچے میں درج ہے، آئین کی ہر شق پر عملدرآمد سے پاکستان مضبوط ہوگا اور محروم اور غریب عوام کے ہر دکھ کا مداوا بھی آئین پر عملدرآمد میں ہے، آئین پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد سے ریاست مدینہ کی تشکیل کا خواب بھی پورا ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر رہنمائوں
کے مشاورتی اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اقتدار کی امانت آئین پاکستان کی روح سے ایک مقدس امانت ہے، لوگوں کو ایسا ماحول مہیا کیا جائے جس میں وہ برابری کی بنیاد پر تعلیم اور روزگار حاصل کر سکیں اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک مثالی انسان اور مسلمان کی حیثیت سے زندگی بسر کر سکیں۔ آئین نے ہر شہری کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت دی ہے۔ آئین پر عملدرآمد سے قائد اعظم ؒ کے تصور پاکستان کو تعبیر کا رنگ ملے گا۔ دریں اثنا یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور ملکی ترقی اور خوشحالی کیلیے دعائیں کی گئیں۔