ملک کی حفاظت کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،سراج الحق

217

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے جس پر پوری قوم کو اللہ کا شکر اداکرنا چاہیے ۔آزادی حاصل کرنے کے لیے کیا کیا مصیبتیں جھیلنا اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں یہ کشمیر یوں اور فلسطینی مسلمانوں سے پوچھیں ۔سید علی گیلانی نے آزادی کے حصول کے لیے اپنی زندگی کھپا دی ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ایک جغرافیہ ہی نہیں ایک نظریہ اور عقیدہ بھی ہے ۔ پاکستان کے قیام کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ہمارے اسلاف نے اپنا سب کچھ قربان کرکے ہجرت کی ۔پاکستان عالم اسلام کا دھڑکتادل اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے ۔ قائد اعظم نے پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ اور قرآن کے دستور کی سرزمین قرار دیا ۔انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت اور ناقابل تسخیر بنانے والے ڈاکٹر قدیر کاپوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آنے والی نسلیں بھی ڈاکٹر عبد القدیر خان کی احسان مند ہیں ۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے ضروری ہے ۔ پاکستان کی سرحدوں اور نظریے کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں۔حکمران ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کچھ کرنے کو تیار نہیں ۔قوم کی بیٹی دشمن میں قید میںہوتو آزادی بے معنی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم عزم کرتے ہیں کہ زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک پاکستان کی حفاظت کریں گے ۔ہم پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی آزادی حفاظت کے لیے قیام پاکستان کے مقصد کو حاصل کرنا اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی سرزمین بنا نا ہوگاتاکہ ہماری آنے والی نسلیں امن و سکون سے اسلام کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں۔