اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی طور پر غلام قومیں آزاد نہیں ہوتیں،اگر پاکستان کو دنیا میں اہم مقام دلانا ہے تو جھوٹے الزامات اور طعنہ زنی کی سیاست کو دفن اور شفاف احتساب کو پروان چڑھانا ہو گا۔مسلم لیگ(ن)کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکرٹریٹ میں جشن آزادی کی تقریب ہوئی، صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے پرچم کشائی کی اورکیک کاٹا، خواجہ سعد رفیق اوررانا ثنا اللہ سمیت دیگرارکان اسمبلی اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے
خطاب میں قوم کوجشن آزادی کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہم نے پشاور کی ایک بی آر ٹی کے مقابلے میں 3 میٹرو بنائیں، احتساب کے نام پر انتقام لیا جارہا ہے، بیوروکریسی نے کام کرنا چھوڑ دیا،کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے لفاظی نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے نواز شریف دور میں جتنے بھی منصوبے لگے وہ بالکل شفاف تھے، سوا 2سال میں ان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔