کراچی کے عوام کے مسائل کم کرینگے ، بلاول و پیپلز اسکوائر منصوبے کا افتتاح

126

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے مسائل کم کریںگے‘وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے عوام سے جو وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا، کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا،ہم کراچی کو حقوق دلوائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پیپلز اسکوائر انڈر گرائونڈ پارکنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ 10 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے، پیپلز اسکوائر منصوبے کے لیے
ورلڈ بینک سے قرضہ حاصل کیا گیا، مزید کئی منصوبوں پر 30 ستمبر سے کام شروع ہوجائے گا۔بلاول نے منصوبے کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی، یہ منصوبہ عوام کی تفریح کا بہترین منصوبہ ہے۔چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صوبوں کو وسائل کی شدید کمی کا سامنا ہے، 18 ویں ترمیم کے باوجود صوبوں کو حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور این ایف سی ایوارڈ میں بھی سندھ کو اس جائز حق نہیں دیا گیا،جائز مطالبات کے لیے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے تو ہم انقلاب بھی لے کر آئیں گے، پاکستان کو ہم ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، پیسے کا انتظام کرنا ہمارا کام ہے،ہم اس شہر کو اس کا حق دلوائیں گے۔بلاول کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے عوام سے جو وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا، صوبائی حکومت رکھتے ہوئے شہرمیں ہم نے اپنا مینڈیٹ اپوزیشن کو دیا ہے، اب ماحول بنا ہے کہ ہم عوام کے لیے کام کریں، ہم سب کی قربانیوں سے کراچی کی روشنیاں واپس آئیں ہیں۔پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ سندھ کی پولیس نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہیں، کراچی میں پوری دنیا کے دہشت گرد کام کر رہے تھے، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ان دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔