بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری جشن آزادی منائیں گے، محمود پٹھان

10788

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) نیشنل پیس کونسل ضلع لاڑکانہ کا اجلاس، مقبوضہ کشمیر اب پاکستان کا حصہ ہے، بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری بھائی جشن آزادی مشترکہ طور پر منائیں گے، لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں این پی سی یوم آزادی کے موقع پر شایان شان ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔ پاکستان پر میلی آنکھ رکھنے والوں کو پاک فوج نے ہمیشہ جہنم واصل کیا ہے، پوری قوم پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ضلعی چیئرمین محمود پٹھان۔ نیشنل پیس کونسل آف پاکستان ضلع لاڑکانہ کا اجلاس زیر صدارت ضلعی چیئرمین محمد عاشق پٹھان ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این پی سی سندھ محمد عاشق پٹھان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی چیئرمین محمود پٹھان کا کہنا تھا کہ 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ کئی سال سے حالت جنگ میں ہے اور یہ آزادی اللہ کی رحمت اور پاک افواج کی قربانیوں کی بدولت ہے۔ یوم آزادی پر اس قوم پر جانثار کرنے والے وطن کے بیٹوں کو ضرور یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین سندھ محمد عاشق پٹھان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں نے ہمیشہ پاکستان کو کھوکھلا کرنے کے لیے مختلف سازشیں رچی ہیں اور ملک کو لہولہان کرنے کی کوشش کی ہے لیکن پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا، جس میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں جبکہ سیکول ارزم کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بھارت کا بدنما حقیقی چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر جاری مظالم نریندر مودی کی انتہا پسندی کا خاتمہ ثابت ہوں گے، پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ درد اور جدوجہد میں شانہ بشانہ ساتھ ہیں۔اجلاس میں سہیل سومرو، ڈاکٹر عبدالستار شیخ، خالد عباسی، محمد صادق شیخ، رستم لغاری، نوشاد سرہیو، عبدالوحید قریشی، وقار مہر، محمد بخش سانگی، آفتاب انصاری، ارجمند خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔