سندھ بھر میں یوم وفائے ریلیاں، جلسے وسمینار کا انعقاد ہوگا، سنی تحریک

1435

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان سنی تحریک کے تحت سندھ بھر میں جشن آزادی پر یوم وفائے ریلیاں، جلسے وسمینار کا انعقاد کیا جائیگا، سکھر میں بھی یوم وفاء پا کستان ریلی 13 اگست بروز جمعرات دن 11:30 بجے درگاہ مکی شاہ بادشاہ سے پریس ڈولفن چوک تک نکالی جائے گی، جس میں مذہبی، سیاسی، تاجر برادری شرکت کرے گی۔ صوبائی صدر پاکستان سنی تحریک نور احمد قاسمی نے کہا ہے کہ کارکنان یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے لیے گھروں پر سبز ہلالی پرچم اور گلی محلوں کو برقی قمقموں سے سجائیں۔ پاکستان سنی تحریک کے تحت سندھ بھر میں جشن آزادی پر یوم وفائے ریلیاں، جلسے وسمینار کا انعقاد کیا جائیگا۔ پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان اور اکابرین کی قربانیوں کا ثمر ہے، ملک پر میلی نظر رکھنے والوں کی آنکھیں نکالنا جانتے ہیں۔ پاکستان نے جہاد کا اعلان کیا تو نئی دہلی پر پاکستانی پرچم لہرا دیں گے، کشمیریوں کو کسی طور بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے ساتھ دیتے رہیں گے، بھارت خطے میں تھانیدار بننے کی کوشش نہ کرے، ظالمانہ اقدامات کیخلاف بولتے رہیں گے۔ بھارت کشمیر میں وہی کررہا ہے جو اسرائیل فلسطین میں کررہا ہے، ظلم کیخلاف خاموش نہیں رہیں گے۔ اس موقع پر مولانا محمد اسلم سلطانی، قاری محمد قاسمی، منیر احمد قریشی، حافظ انتظار شیخ، سلیم سندھی، رفیق بروہی موجود تھے۔