اداروں کی بندش سے طلبہ کا نقصان اساتذہ بیروزگار ہوچکے ہیں،صہیب شریف

12982

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ لاہور کے صدر میاں صہیب شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے تعلیم دشنی کی انتہا کردی ہے۔ تعلیمی ادارے مکمل بند کروانے کی وجہ سے ناصرف طلبہ کی تعلیم کا حد سے زیادہ نقصان ہورہا ہے بلکہ قابل احترام اساتذہ بھی بے روزگار ہوچکے ہیں۔ بہت سے اساتذہ معمولی مزدوریاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹرانسپورٹ، دکانیں، سینما ہال، تھیٹر، ریسٹورنٹ، بیکریاں و دیگر کاروبار کھل سکتے ہیں تو ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے بھی کھولے جاسکتے ہیں۔ کیونکہ اساتذہ کرام سب سے زیادہ ذمے دار اور باشعور ہیں اور طلبہ پر بھی ان کو پورا کنڑول حاصل ہے، اس لیے تعلیمی اداروں اور اکیڈمیز میں سو فیصد یقینی ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جاسکتا ہے۔ حکومت فوری طور پر تعلیمی ادارے اور اکیڈمیز کھولنے کی اجازت دے ورنہ احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ اور پاکستان ایجوکشن اکیڈمیز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مال روڈ پر تعلیمی اداروں اور اکیڈمیز کی بندش کیخلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی ریلی میں جے آئی یوتھ کے سیکڑوں نوجوانوں، اسکولوں، کالجوں اور اکیڈمیز کے طلبہ اور اساتذہ کرام کی بڑی تعداد نے شرکت جو حکومت اور وزیر تعلیم کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ریلی کے شرکا سے حافظ عبدالرحمن، سنان اکبر، رانا عنصر، حسیب الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔