واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی مرکزی کمان نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی افواج نے بین الاقوامی پانی میں کارروائی کرتے ہوئے ویلا نامی ایک بحری جہاز پر قبضہ کرلیا۔ اس آپریشن میں ایرانی فورسز کو 2 جہازوں اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر کی معاونت حاصل تھی۔ امریکی مرکزی کمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک وڈیو پوسٹ کی، جس ایک ہیلی کاپٹر جہاز کے اوپر فضا میں معلق نظر آ رہا ہے اور کئی افراد جہاز کے عرشے پر اترتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ایرانی فورسز نے 2 جہازوں اور ایک ایرانی ساختہ سی کنگ ہیلی کاپٹر کے ساتھ ایک بحری جہاز پر دھاوا بول دیا۔ بین الاقوامی پانی میں موجود اس بحری جہاز کا نام وِلا ہے۔ تہران کی جانب سے سرکاری طور پر اس کارروائی کے بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، تاہم ایک امریکی فوجی عہدے دار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ایرانی بحریہ نے تہران اور امریکا کے درمیان سخت کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب لائبیریا کے جھنڈے والے تیل کے جہاز پر مختصر وقت کے لیے قبضہ کیا تھا۔